نئی دہلی26دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعاون کیلئے جاری ہونے والی اسکالر شپ کی رقم میں گزشتہ کچھ سالوں سے اضافہ نہیں ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی آر ایس ایس کے نشانے پر اب سکالرشپ بھی ہے۔یچوری نے منگل کو مختلف یونیورسٹیوں میں اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قابل طالب علموں کی اسکالر شپ بی جے پی آر ایس ایس کے نشانے پر سب سے اوپر ہے۔انہوں نے ٹوئٹ کرکے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ (بی جے پی)ہمارے ان نوجوانوں کی طرف سے اٹھائے جانے والے جائز سوالوں کو روکنا چاہتے ہیں، جنہیں لکھنے پڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ 2014سے اسکالرشپوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت پر اپنے ہی لوگوں سے خوفزدہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اب ایک ایسی حکومت ہے جو اپنے ہی شہریوں، ان کے خیالات اور اظہار کی آزادی کے ان کے جمہوری حق سے خوفزدہ ہے۔یچوری نے حال ہی میں مختلف جانچ ایجنسیوں کے دائرہ اختیار میں کمپیوٹر اور دیگر مواصلاتی آلات کی نگرانی کو بھی شامل کرنے کے مرکزی حکومت کے حالیہ فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام نگرانی اورایسی کارروائیوں سے دھمکانا چاہتی ہے۔